کراچی، سینیٹر حاصل بزنجو کی فیصل ایدھی سے تعزیت
سینیٹر حاصل بزنجو نے فیصل ایدھی سے ایدھی سینٹر میں ملاقات کی اور عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی۔
وفاقی وزیر برائے بندرگاہیں و جہاز رانی سینیٹرحاصل بزنجو نے بے سہاروں کے
سہارا، دکھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کی وفات پر گہرے رنج کا
اظہار کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایدھی سینٹر میں عبدالستا ایدھی کے
صاحبزادے فیصل ایدھی سے ملاقات کی اور ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل پارٹی
کے صدر سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی وفات سے صرف
یہ شہر یا ملک نہیں بلکہ پوری دنیا کو محرومی کا سامنا ہے، ایدھی صاحب کی
خدمات ایک کمرے سے شروع ہو کر فلسطین تک پہنچی اور پوری دنیا پر چھائی،
دنیا میں جہاں بھی لوگوں کو تکلیف ہوئی وہاں انسانیت کی خدمت کرتے ایدھی
نظر آئے۔انکا کہنا تھا کہ ایدھی جیسی شخصیت نہ پہلے کبھی پیدا ہوئی اور نہ
ہی آئندہ پیدا ہوتی نظر آرہی ہے۔
سینیٹرحاصل بزنجوکا کہنا تھا کہ اب ہماری امیدوں کا مرکز فیصل ایدھی ہے اور
ہمیں توقع ہے کہ ایدھی کے مشن کو اب فیصل ایدھی آگے بڑھائیں گے۔