کراچی، وزیر اعلیٰ کے احکامات کے بعد برسوں کی گند صاف ہونا شروع
وزیر اعلیٰ کے احکامات کے بعد سے شہر قائد میں متعدد مقامات پر پڑی برسوں
کی گند صاف ہونا شروع ہوگئی ہے۔ جو عملہ کبھی نظر نہ آیا وہ بھی سڑکوں اور
کچرا کنڈی کی صفائی میں مصروف نظر آرہا ہے تاہم حالیہ مون سون کی وجہ سے
عروس البلاد کی سڑکیں کچرا کنڈی کے مناظر پیش کرنے لگیں جسے دیکھ کر شاید
وزیر اعلیٰ کوشہر کی صفائی کا کچھ خیال آیا اور انہوں نے ہنگامی اجلاس طلب
کرکے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے کہ شہر کی فی الفور صفائی یقینی
بنائی جائے۔
کراچی کے متعدد مقامات پر کچرے کی صفائی کا کام جاری ہے جبکہ برسوں کی گند چند روز میں صاف کرنا نہ ممکن نظر آرہا ہے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک شہری کا
کہنا تھا کہ کچرا کنڈی کی وجہ سے یہاں رہنا مشکل ہوتا جارہا ہے، جب ہوا
چلتی ہے تو شدید تعفن پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے جبکہ مساجد
میں نمازیوں کو بھی عبادت کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔
ایک اور شہری نے میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ یہ گنددگی کئی سالوں کی ہے
تاہم متعلقہ حکام کے پاس نہ تو اتنی افرادی قوت ہے اور نہ ہی وہ مشینری کہ
جس کے باعث چند روز میں پورے شہر کو صاف کیا جائے۔
ایک اور شہری نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے کو بتایا کہ اگر صفائی کا کام
ہو بھی رہا ہے تو وہ صرف دکھانے کی حد تک ہے، جہاں بھی کام ہوا صرف آدھا
کچرا اٹھایا گیا باقی ویسے ہی موجود ہے۔