کراچی،بھارت نے کشمیر میں اپنے فوجی اور کراچی میں ایجنٹ بٹھا رکھے ہیں ،رضا ہارون
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے فوجی اور کراچی میں ایجنٹ بٹھا رکھے ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران رضا ہارون نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے
گزر رہا ہے، ہمارے ملک کی سرحدوں کے معاملات بہت سنجیدہ ہیں، ہماری تینوں
سرحدوں پر کشیدگی ہے، ہماری خارجہ پالیسی اور دفتر خارجہ فعال نہیں، ہمیں
ہر بین الاقوامی واقعے کی اہمیت کا اندازہ 4 روز بعد ہوتا ہے۔ ہم کشمیر کی
خود مختاری اور استصواب رائے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ہم کشمیری عوام سے
اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم ان کے غم اور مطالبات میں بھی برابر کے شریک
ہیں۔ حکومت کشمیر کے معاملات کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، حکومت کو
کشمیر کے معاملے پر سنجیدہ ہونا چاہئے۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ بھارت کراچی میں اپنی فوج
نہیں اتارسکتا، اس لئے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اسے تباہ کررہا ہے، راکی مالی
مدد سے ایک سیاسی قوت کراچی کے حالات خراب کررہی ہے۔ کراچی کے مینڈیٹ کو
برسوں سے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے، ایم کیو ایم کے قائد کی پالیسیاں
کسی اور ملک سے آتی ہیں، کراچی کے مینڈیٹ کوراکے ایجنٹوں کے تسلط سے
چھڑانیکی ضرورت ہے۔ اس کام کی شروعات مصطفی کمال نے کردی ہے۔ کراچی میں امن
و امان کی صورت حال خراب کرنا ایک سیاسی جماعت کے قائد کی وطن فروشی ہے،
وہ جانتے ہیں کہ ان کے کارکن گرفتار ہورہے ہیں، ہزاروں میل دور بیٹھ کر ان
کی گالیوں سے قوم کے بچے مشکلات میں مبتلا ہورہے ہیں، خدا کیلیے وہ اب بس
کردیں۔
انیس قائم خانی کی گرفتاری سے متعلق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون
کا کہنا تھا کہ انیس قائم خانی پاک سرزمین پارٹی کے صدر ہیں اور ان پر دہشت
گردوں کی معاونت کا الزام اس وقت لگا تھا جب پارٹی نہیں بنی تھی اور اس
وقت بھی انہوں نے اس کی تردید کی تھی۔ جب وہ پاکستان آئے تو عدالت میں پیش
ہوکر بھی یہ ہی کہا کہ یہ الزام بے بنیاد ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہائی کورٹ
کی جانب سے ہمیں انصاف ملے گا۔