Jul 20, 2016 06:49 pm
views : 1169
Location : Naval Headquarter
Islamabad- Command & Staff Conference of Pakistan Navy held at Naval Headquarters
اسلام آباد، پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد
پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس آج نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں
اختتام پذیر ہو ئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد
ذکاء اللہ نے کی۔کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم و بربریت
کا شکار ہونے والے شہیدمعصوم کشمیریوں کے لئے فاتحہ خوانی کی۔نیول چیف نے
کشمیری بھائیوں سے اظہارِیکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت
کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور پاکستا ن نیوی
کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
بعد ازاں، کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں
اور موجودہ سیکیورٹی صورت حال سے متعلق مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا
گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے
منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے گوادر بندر گاہ کی
سیکیورٹی اورپاک بحریہ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے
موجودہ میری ٹائم چیلنجز کے تناظر میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر
اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت اورمیری ٹائم
انفراسٹرکچر کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے اس بات پر زور
دیا کہ گوادر بندر گاہ کی ترقی پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی کا محور
ہوگی۔ اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت کے
حصول کے لئے نیول چیف نے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور اداروں کے ساتھ
مل کر باقاعدگی کے ساتھ ساحلی سیکیورٹی کی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا۔
کانفرنس کے دوران نیول چیف کو بتایا گیا کہ مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے
والی صورت حال میں پاک بحریہ فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو اوّلین
ترجیح دے گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور امددادی کارروائیوں کے
لئے تمام تر دستیاب وسائل اور افرادی قوت مکمل تیار ہیں۔نیول چیف نے پاک
بحریہ کے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ صورت حال کی مسلسل نگرانی کریں
اورکسی بھی ہنگامی صورت حال میں تمام وسائل کا بہترین استعمال کریں۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس
کی حیثیت حاصل ہے جس میں تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک
بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔