کراچی ، گجر نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن،علاقہ مکین سراپا احتجاج
کراچی کے علاقے ایف بی ایریا گلبرگ پیالہ ہوٹل کے قریب گجر نالے پرقائم
تجاوازات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔علاقہ مکینوں نے آپریشن کے خلاف احتجاجی
مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔لوگ مشتعل ضرور تھے
تاہم آپریشن کرنے والی ٹیم کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا
پڑا۔عوام نے حکومت سے شکوہ کیا ہے کہ اگر حکومت کو ان کے مکانات مسمار کرنے
تھے تو ان کو متبادل رہائش فراہم کی جاتی یاتو ان کو پانچ چھ ماہ کا وقت
دیا جاتا۔عوام نے اپنے مکانات کے عوض معاوضے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ
ہم گزشتہ تین چار دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں ،ہمارے سروں سے چھت چھین لی
گئی اور ہمیں کھلے آسمانوں تلے رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک متاثرہ
شخص محمد اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ متاثرین کو معاوضہ دے
یا پھر مکان کے عوض پلاٹ فراہم کیے جائیں تاکہ ہم لوگ اپنی رہائش کا
بندوبست کرسکیں۔
آپریشن کے متاثرین میں شامل ایک شخص محمد سلیم کا کہنا تھا کہ ہمارے مکان
مسمار کئے جارہے ہیں تاہم اس کے بدلے میں ہمیں کچھ نہیں دیا جارہا، ہماری
زندگی بھر کی کمائی گھروں کو بنانے میں لگ گئی جنہیں بہت بے دردی سے مسما ر
کیا جارہا ہے۔
شہری نے مزید کہا کہ ہم تیس چالیس برسوں سے یہاں رہائش پذیر ہیں ،جب ہم یہ
مکان تعمیر کر رہے تھے تب حکومت سو رہی تھی ،اب اچانک ہوش میں آئی ہے کہ یہ
مکان غیر قانونی ہیں، حکومت کو ہمیں وقت دینا چاہیے تھا۔