لاہور ، قطری شہزادوں کے خط حکمرانوں کو نہیں بچاسکتے، سینیٹر سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں ان کے
پاس اتنی دولت کہاں سےآئی؟ قطری شہزادوں کے خط حکمرانوں کو نہیں بچاسکتے۔
سپریم کورٹ صرف احتساب نہ کرے روڈ میپ بھی دے۔
منصورہ میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے
کہا کہ بدقسمتی سے حکمرانوں کی نیت ٹھیک نہیں، ملک میں وسائل کی کمی نہیں
اس کے باجود غربت ہے۔ حکمرانوں کی ملز اور کارخانے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ
ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی وجہ سے گرین
پاسپورٹ کی اہمیت ختم اور خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ پاناماکیس میں
حکمران جواب دینے کی بجائے قطری خط پیش کر رہے ہیں، عوام نے مینڈیٹ دیا
ہے،وزیراعظم قوم کو سچ بتائیں۔ حکمرانوں کا احتساب ناگزیر ہے جس کے بغیر
قوم ترقی نہیں کرسکتی، سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کے کروڑوں ڈالرز
واپس لائےجائیں۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ غریب لوگ قانون کی
بالادستی تسلیم کرتےہیں اشرافیہ نہیں۔ سپریم کورٹ میں عوام اور کرپٹ مافیا
کے درمیان لڑائی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ الیکشن سسٹم سرمایہ داروں
کیلئے ہے۔ قومی اسمبلی میں جماعت نے ایاز صادق کو ووٹ دیا تھا، کرپشن کو
نہیں۔ چور کو چور کہنے میں کوئی برائی نہیں، کوشش ہے کہ کرپشن فری پاکستان
بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ تابوتوں کی سیاست پرنہیں، ترقی کی سیاست پریقین رکھتے ہیں۔