لاہور، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کا پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر احتجاج
یہ ہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین ارکان جو پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر نعرے بازی کررہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل اور معروف قانون دان بابر اعوان کا کہنا ہے کہ آج ہمیں
گیارہ بجے پہنچنے کا وقت دیا گیا تھا اور ہم گیارہ بجنے سے پانچ منٹ پہلے
ہی آگئے ہیں۔ میں اسلام آباد سے آرہا ہوں۔ میرے ساتھ میری پوری لیگل ٹیم
ہے، ہمارے پاس قلم اور کتابیں ہیں لیکن ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے نہیں دیا
جارہا ہے۔ میرے ساتھ خواتین ارکان بھی ہیں۔ یہ بڑا غیر مناسب رویہ ہے۔
پنجاب میں آج وکیلوں کو بلاکر غنڈہ گردی کا مظاہرہ ہورہا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی زیر صدارت ہونے والے مظاہرے میں پنجاب حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔
اس موقع پر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ آج اسپیکر پنجاب اسمبلی نے
خود ہمیں یہاں پر بلایا تھا اور ہم نے باقاعدہ سیکیورٹی اسٹاف کو اطلاع دی
تھی کہ ہمارے وکیل بابر اعوان اور ان کی ٹیم کے علاوہ اس ریفرنس کے درخواست
گزار اعجاز چودھری بھی آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود بدمزگی پیدا کی گئی اور
وکیلوں کو دھکے دیئے گئے۔ یہ انتہائی افسوسناک رویہ ہے۔ میں جمہوری ایوان
میں آمرانہ رویئے کی پرزوتر مذمت کرتا ہوں۔ اسپیکر سے ملتمس ہوں کہ تین منٹ
کے اندر اندر ہمیں اندر آنے کی اجازت دیں بصورت دیگر ہم یہاں پر دھرنا دیں
گے۔