لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا گنگارام ہسپتال کا دورہ
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گنگارام ہسپتال کا دورہ
کیااور پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس
اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف مختلف وارڈز میں
زخمی بچوں، مردوں اور خواتین کے پاس فرداً فرداً گئے اور ان کی خیریت
دریافت کی۔زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے افراد سے اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔
زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ صاحب جب تک ہمارے جسم میں خون کا
آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ہم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک
چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شر یف کاکہناتھا کہ انتہائی افسوسناک
واقعہ ہے جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بزدل اور درندہ صفت
دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے۔ قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شر یف کاکہناتھا کہ معصوم پاکستانیوں کے خون سے
ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ
میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا
جاسکتا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شر یف کامزیدکہناتھا کہ دہشت گردی کی جنگ کے شہداء
کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل
سٹاف نے ہسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر میں
ان کا شکرگزار ہوں۔