پشاور،حیات آباد میں جج کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
حیات آباد میں ماتحت عدلیہ کے ججز کو لے جانے والی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں پی ڈی اے کے دفتر کے قریب سابق رکن صوبائی
اسمبلی عدنان وزیر کے گھر کے سامنے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب
کہ 18 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس
منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری موقع پر
پہنچ گئی ہے جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ کسی بھی غیر
متعلقہ شخص اور میڈیا کے نمائندوں کو جائے وقوعہ کے قریب جانے کی اجازت
نہیں دی جارہی، شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی
ہے۔
واضح رہے کہ جس جگہ دھماکا ہوا ہے اس کے ارد گرد کئی اہم سرکاری دفاتر اور
عمارات موجود ہیں جن میں شوکت خانم اسپتال بھی شامل ہے، دھماکے کے کچھ دیر
بعد تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ
کرنا تھا۔