ملتان ،وزیراعظم نواز شریف سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیئے،جاوید ہاشمی
سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں ہے اور وزیراعظم نواز شریف سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ
نہال ہاشمی نے غلط بات کی لیکن ججز بھی یکطرفہ بات کر رہے ہیں، جے آئی ٹی
بنائی ہے تو اس کا توازن بھی ٹھیک رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج کو بھی ریمارکس سوچ سمجھ کر دینے
چاہئیں، جج اپنا مقام دیکھیں، کسی کو گارڈ فادر اور کسی کو سسلی مافیا کے
ریمارکس دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کئی بار کہا کہ تصدق جیلانی ٹھیک جج نہیں
دوسرا آئے گا وہ اپنا ہے، مجھے توہین عدالت میں بلائیں میں وہاں بات کروں
گا۔
سابق ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوازشریف اور حسین نواز سمیت سب کا
احتساب ہونا چاہیئے کیونکہ کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں۔ تین سال میں
موجودہ حکومت نے جو زیادتیاں کیں اس کی مثال نہیں ملتی، پنجاب حکومت نے
میری جائیداد پر بلڈوزر چلا دیا، میرے خاندان پر دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات
درج کیے گئے لیکن میں نے نواز شریف، شہباز شریف کو کبھی نہیں کہا کہ آپ نے
زیادتیاں کیں۔