لاہور،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کابغیر پروٹوکول کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصورکا اچانک دورہ
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بغیر پروٹوکول کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال
قصور پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کی عیادت کی اور دی جانے والی طبی
سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ شہباز شریف نے ہسپتال میں ڈی ایم ایس کی
عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا اور فوری معطلی کے احکامات جاری کیے۔
وزیراعلیٰ لاہور سے بذریعہ سڑک غیر اعلانیہ طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال
قصور پہنچے اور ان کے ہمراہ صرف دو گاڑیاں تھیں،قصور کی انتظامیہ وزیراعلیٰ
کے اچانک دورے سے مکمل طور پر لاعلم تھی جبکہ وزیراعلی نے اپنے ساتھ موجود
اسٹاف کو بھی اس دورے سے لاعلم رکھا،ڈپٹی کمشنر قصور اور ڈی پی اوقصور کو
وزیراعلی نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال طلب کیا اور انہیں ضروری ہدایات
دیں۔
وزیراعلی نے دورے کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین سے مفت ادویات کی
فراہمی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا،مریضوں اور ان
کے لواحقین نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی اعلی معیار کی ادویات اور طبی
سہولتوں کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلی پنجاب محمد
شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا جن کی ذاتی دلچسپی کے باعث ہسپتالوں کے حالات
میں خاطر خواہ بہتری آئی ہی، مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو
اپنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔