پشاور، عید الفطر کے دوران ممکنہ حادثات کے پیش نظر ضلعی ہیلتھ مراکز میں عملہ کو ڈیوٹی پر مامور رہنے کی ہدایت
ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا نے عید الفطر کے دوران ممکنہ حادثات کے پیش نظر
ضلعی ہیلتھ مراکز میں عملہ کو ڈیوٹی پر مامور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے
مراسلہ جاری کردیا جبکہ عملہ کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے
دی گئی۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ
خیبرپختونخوا شبینہ رضا کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے موقع پر کسی بھی
ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے او ر ممکنہ حادثات کے پیش نظر ضلعی ہیلتھ مراکز
کو مراسلہ جاری کردیاگیا ہے جس میں انتظامیہ سے عید کے دنوں میں عملے کو
ڈیوٹی پر مامور رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی ہیلتھ نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر مامور عملے کی نگرانی کیلئے خصوصی
ٹیمیں بھی تشکیل دی جاچکی ہے جو عید کے بعد غیر حاضر عملے کے خلاف رپورٹ
پیش کریں گی۔
ڈی جی ہیلتھ نے لیڈی ریڈنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سہولیات کی
عدم دستیابی اور بیڈ کم پڑجانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ
دونوں ہسپتال خود مختار بن چکے ہیں جو ڈی جی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔
ہسپتال انتظامیہ چاہے تو اپناا سٹاف اور بیڈ بڑھا بھی سکتے ہیں۔
شبینہ رضا نے مزید کہا کہ گزشتہ سال عید کے دنوں میں چار ہزار سے زائد حادثا ت رپورٹ ہوئے جس میں 73 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل تھے۔