کوئٹہ ،آئی جی آفس کے قریب دھماکے سے 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوئٹہ کے علاقے جناح چیک پوسٹ اور آئی جی آفس کے قریب دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے مطابق کوئٹہ میں جناح چیک پوسٹ اور آئی جی آفس کے قریب شہدا چوک
میں دھماکے سے 3 پولیس اہلکاورں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی
ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر تک سنی گئی اور
دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
دھماکے کے نتیجے میں محکمہ تعلیم کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی
مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی
گاڑی میں بارودی مواد رکھا گیا تھا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس
اہلکاروں نے جان پر کھیل کر کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچایا، اہلکاروں کے گاڑی
کو روکتے ہی دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں دو گاڑیاں تباہ ہوئیں لیکن
ابھی اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ دھماکا خیز مواد کس گاڑی میں موجود تھا۔
جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت لال خان، غنی خان اور ساجد کے
ناموں سے ہوئی ہے۔
امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر
سول اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد
فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد
اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔