Jun 24, 2017 01:55 pm
views : 679
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh meets Iittehad Cottage Industries Association Delegation
کراچی ، چھوٹی صنعتیں قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے، گورنر سندھ
کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے گورنر ہاؤس میں اتحاد کاٹیج انڈسٹریز
ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صالحین تنولی کی قیادت میں 16 رکنی وفد سے ملاقات
کی۔ وفد نے گورنر سندھ کو کا ٹیج انڈسٹریز کے مسائل ، ذرائع نقل و حمل میں
مشکلات اور پانی کی قلت سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کیا۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اصلاحات اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کی
معاشی پالیسی کی ترتیب سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ، جس سے
صنعتی فعالیت ، روزگار کے وسیع مواقع ، خوشحالی اور سماجی سرگرمیوں میں
اضافہ ہو رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتیں قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے ،
مقامی افراد کو اسمال انڈسٹری سے روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہورہے ہیں ،
حکومت اسمال انڈسٹریز کی فعالیت کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے بغیر تیز رفتار ترقی
ممکن نہیں اس سلسلہ میں وفاقی حکومت انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے لئے
جامع منصوبہ پر کام کررہی ہے با الخصوص صنعتی ایریاز اور اسمال انڈسٹریز کے
علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے کام کو
فوقیت دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمال انڈسٹریز کی فعالیت سے قومی معیشت کو درست سمت میں
گامزن کرنے میں مدد مل رہی ہے کیونکہ چھوٹے صنعتی یونٹس کو بھرپور سہولیات
فراہم کرکے ہی معاشی طاقت کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمال انڈسٹریز کی ضروریات کو ہر صورت پورا کیا جائے گا
اس ضمن میں اتحاد کا ٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن سے مشاورت معاون ثابت ہو گی ،
بجلی ، پانی اور انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کی ضروریات کے لئے وفاقی و
صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔