Jun 29, 2017 02:16 pm
views : 662
Location : Domestic Place
Lahore- Siddique al Farooq Press Conference
لاہور،بھارت نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے سے روک دیا
بھارت نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو
پاکستان جانے سے روک دیا ہے، سکھ یاتریوں کو 29 جون سے شروع ہونے والے سکھ
مذہب معروف شخصیت مہاراجہ رنجیت کی برسی کی تقریبات میں شریک ہونے کے لیے
پاکستان آنا تھا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق
الفاروق نے کہا کہ بھارت کی سکھ برادری نے 300 سے زائد ویزوں کی درخواست دی
تھی جسے پاکستان کی حکومت نے منظور کر لیا تھا اور تمام لوگوں کو ویزے
جاری کر دیے تھے جبکہ یاتریوں کے پاکستان میں قیام کے لیے رہنے، کھانے پینے
اور سفر کے لیے انتظامات بھی مکمل کرلیے تھے اور انہیں کو فول پروف
سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہء ریلوے پاکستان نے 28 جون کو طے شدہ معاملات کے
تحت سکھ یاتریوں کو لانے کے لیے خصوصی ریل گاڑی لاہور سے بھارت کے سرحدی
اسٹیشن اٹاری روانہ کی جسے بھارتی حکام نے اپنی حدود میں داخل ہونے کی
اجازت نہیں دی،کئی گھنٹے کے انتظار کے بعد ریل گاڑی کو پاکستانی حدود سے ہی
خالی واپس لوٹنا پڑا۔
واضح رہے کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گوردوارہ
ڈیرہ صاحب لاہور میں ہو گی جبکہ بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان
جانے سے روکنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل بھارت نے رواں ماہ جوڑ میلے
میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو بھی روک دیا تھا۔