کوئٹہ،عبدالمجید اچکزئی سارجنٹ کی ہلاکت اور ایک شخص کے اغواء کے کیس میں 7 روزہ مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید
اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت اور ایک شخص کے اغواء کے
کیس میں 7 روزہ مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ حاجی عطاء اللہ
کی ہلاکت کے کیس میں ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو پولیس کی حراست میں 5
روزہ ریمانڈ کی تکمیل پر متعلقہ تھانے سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت
میں پیش کیا گیا۔
کیس کی سماعت عدالت کے جج داود خان ناصر نے کی، سماعت کے موقع پر پولیس
حکام کی جانب سے عدالت سے ایم پی اے کے مزید ریمانڈ کی درخواست کی گئی جسے
منظور کرتے ہوئے انہیں سات روزہ مزید ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
اس دوران عدالت میں عبدالمجید اچکزئی کیخلاف ایک شخص کے اغواء کے کیس میں
نامزدگی بھی سامنے لائی گئی جس پر اغواء کے کیس میں بھی ملزم عبدالمجید
اچکزئی کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا۔