کمالیہ،شہریوں کا انتظامیہ کے خلاف احتجاج
کمالیہ میں ناقص اور بوسیدہ سیوریج سسٹم کے ستائے ہوئے شہریوں نے انوکھا
احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ کمالیہ اور چیف آفیسر کے بارے میں
دعا کی کہ اللہ ان کے دل میں رحم پیدا کرے اور یہ شہر کو صاف ستھرا بنانے
میں اپنا کردار ادا کریں۔
کمالیہ میں سیوریج کے گندے پانی سے ستائے ہوئے شہریوں نے محلہ حاجی چوک میں
انوکھا احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ کمالیہ اور چیف آفیسر کو
اپنا کام احسن طریقے سے کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اللہ پاک
انہیں توفیق عطا فرمائے اور یہ شہر کو سیوریج کے گندے پانی سے پاک کردیں ۔
شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دوماہ گزر چکے ہیں بسم اللہ مسجد کے
سامنے سیوریج پائپ لائن پھٹنے سے تیس فٹ چوڑا گڑھا بن چکا ہے جس کی وجہ سے
شہر بھر کا گندہ پانی مسجد کے سامنے کھڑا رہتا ہے اور اب اس کی بد بوبت
مسجد تک آچکی ہے اور گندا پانی مسجد میں داخل ہوکر مسجد کی بنیادوں کو
کمزور کررہا ہے اور مسجد میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ چکی ہیں ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ میونسپل کمیٹی میں جاکر چیئرمین بلدیہ
کمالیہ اور چیف آفیسر کو شکایت درج کرواتے ہیں او ر اس مسئلے پر نوٹس لینے
کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن کوئی بھی ذمہ دار افسر مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں
ہے،مظاہرین نے میونسپل کمیٹی کمالیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے دعا بھی
کرائی کہ اللہ تعالیٰ چیئرمین بلدیہ کمالیہ اور چیف آفیسر کو توفیق عطا
فرمائے تاکہ بسم اللہ مسجد کے سامنے سے گڑھا ختم کروانے میں یہ اپنا کردار
ادا کرسکیں ۔