Jul 07, 2017 05:06 pm
views : 734
Location : Naval Headquarter
Islamabad- CNS hosted Pakistan Cricket Team Reception
اسلام آباد ، آئی سی سی چمپیئن پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پاک بحریہ کے سربراہ کا خراجِ تحسین
آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2017کی تاریخی جیت پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خراجِ
تحسین پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ نے ٹیم کے اعزاز میں آج ایک ضیافت کا
اہتمام کیا۔ جناب ریاض پیر زادہ وزیر برائے بین الصوبائی تعاون، جناب احسن
اقبال وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی اور اصلاحات، چیئر مین شہر یار احمد
خان، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ،ٹیم مینجمنٹ اور سول شخصیات نے بھی ضیافت
میں شرکت کی۔ ضیافت کے میزبان پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ
تھے۔
اپنے غیر رسمی خطاب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے ٹورنامنٹ بالخصوص
فائنل میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ٹیم ورک اور جذبے کو سراہا جس کے نتیجے میں
پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی طرح پاک بحریہ
بھی پوری کرکٹ ٹیم پر فخر کرتی ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ اپنے سابق اہلکارفخر زمان پر پاک بحریہ کوخاص طور
پر فخر ہے جو سات سال تک پی این کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے اور پورے ٹورنامنٹ کے
دوران متاثر کن کارکردگی کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ پاک بحریہ کی پہچان
بھی بن گئے۔نیول چیف نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بھی سراہا
جنہوں نے ٹیم کو متحد کیا اور ان کی قیادت کرتے ہوئے یہ شاندار فتح حاصل
کی۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی جیتنا پاک بحریہ کے
آفیسرز، سی پی اوز/ سیلرز اور سویلینزکے لیے بہت فخر کی بات ہے اور اس کا
میابی کی خوشی کو کرکٹ ٹیم کے ہیروز کے ساتھ منانا ہمارے لئے باعثِ مسرت
ہے۔فائنل میں روایتی حریف کو شکست دے کر پہلی دفعہ چمپیئنز ٹرافی جیتنے پر
نیول چیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ،مینجمنٹ،سلیکشن کمیٹی، پی ایس ایل
انتظامیہ اور پوری کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔
پاک بحریہ کے سربراہ کوکشتی رانی میں غیر معمولی کارکردگی کی بنا پر صدارتی
تمغہ برائے حسنِ کارکردگی تفویض کئے جانا، ایشین سیلنگ چیمپئن شپ میں دو
مرتبہ گولڈ میڈل جیتنا اور اولمپکس کشتی رانی دوڑ میں پاکستان کی نمائندگی
کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور
پاکستانی کھلاڑی دیگر کھیلوں میں بھی چمپیئن شپس جیتنے کی بھر پور صلاحیت
رکھتے ہیں۔
پاک بحریہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اورسیزم،
گالف، ہاکی، شوٹنگ، تیراکی، سکواش اور کبڈی جیسے کھیلوں میں قومی اور بین
الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کو متعارف کروانے میں بنیادی کردار ادا کرتی رہی
ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے کرکٹ کے ہیروز اور چمپیئنز میں میڈلز تقسیم کیے۔