کراچی،پی ایس 114 کے ضمنی انتخابات،پولنگ کا عمل جاری
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں 27 امیدوار مد مقابل ہیں جن میں سے 5
جماعتوں کے امیدوار نمایاں ہیں جن میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو
ایم پاکستان، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی شامل ہیں، پیپلز پارٹی کے سعید
غنی، جماعت اسلامی کے ظہور احمد جدون، پی ٹی آئی کے محمد نجیب ہارون، ایم
کیو ایم کے کامران ٹیسوری اور ن لیگ کے علی اکبر گجر کے درمیان کانٹے کا
مقابلہ ہے۔
ضمنی الیکشن میں ایک لاکھ 93 ہزار 892 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں
گے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 12 ہزار 203 ہے اورخواتین ووٹرز کی
تعداد 81 ہزار 689 ہے جب کہ پولنگ کیلیے 92 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں
اور تمام اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضمنی انتخابات کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، امن و
امان کو یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار رینجرز اہلکار اور 1500 پولیس کے جوان
تعینات ہیں جب کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی
اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے،حلقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور شناختی کارڈ
کے بغیر پولنگ اسٹیشن میں داخل کی اجازت نہیں ہے، پولنگ اسٹیشن کے 100 فٹ
کے قریب امیدوار یا پارٹی کیمپ لگانے پر بھی پابندی ہے، جب کہ کسی بھی
شکایت کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں کمپلین سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔