پشاور، جے یو آئی رہنما اور شوریٰ ممبر اخونزادہ عرفان پی ٹی آئی کو پیارے ہوگئے
پی ٹی آئی نے جے یو آئی کی ایک اور وکٹ گرادی,جے یو آئی رہنما اور شوریٰ
ممبر اخونزادہ عرفان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے
ہوئے کہا کہ اخونزادہ عرفان کو شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں،صوبے کے سیاست
دانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت کے آخری سال میں لوگ شامل ہورہے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ آخری سال میں لوگ حکومتی پارٹی چھوڑ کر دوسرے میں
شمولیت کرتے ہیں،لوگ ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں اسلئے بھاگنے کی بجائے
شامل ہورہے ہیں,وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کو عوامی
مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی،صرف ان لوگوں کو تبدیلی نظر آتی ہے
جن کا پولیس یا سرکاری اداروں سے واسطہ پڑتا ہے۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ کوئی بھی پارٹی یا فرد پی ٹی آئی حکومت کا مقابلہ
نہیں کرسکتے،آئندہ الیکشن میں مخالفین کو ایسی شکست دیں گے کہ وہ سیاست
چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔