لاہور،صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق
کا کہنا ہے کہ ٹرسٹ ہسپتالوں میں غریب مریضوں کے علاج کے لئے حکومت گرانٹ
فراہم کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہ فنڈز غریب مریضوں
کے علاج معالجےپر ہی خرچ ہوں۔
سول سیکرٹریٹ میں گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کے لئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی
ہدایت پر 100 ملین روپے کی گرانٹ جاری کرنے کے سلسلہ میں کمیٹی کے اجلاس کی
صدارت کرتے ہوے خواجہ سلمان رفیق نے کہا گھرکی ٹرسٹ ہسپتال کو 100 ملین
روپے کی گرانٹ ان ایڈ یکمشت فراہم کی جائے گی، اس مقصد کے لئے ماہرین کی
مشاورت سے ایک پالیسی تیار کی جائے گی اور اس سلسلہ میں کسی آڈٹ فرم کی
خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اس موقع پرصوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ
سلمان رفیق نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرکاری گرانٹ ان ایڈ لینے والے
ٹرسٹ اسپتالوں کے لئے انڈیکیٹرپراگریس کیز بنائے جائیں جس کے تحت سرکاری
فنڈز کے فنانشل اور ٹیکنیکل آڈٹ کے لئے میکنزم وضع کیا جائے تاکہ عوام کے
پیسے کا عوام کو بھر پور فائدہ پہنچ سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈویلپمنٹ عرفان علی کاٹھیہ، پروفیسر فیصل
مسعود، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد، ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر
نعیم الدین میاں ، ڈاکٹر امجد شہزاد ، ڈپٹی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری
ہیلتھ ڈاکٹر فوزیہ خان، عثمان طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر دانش افضل ،
چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سائرہ صدیق ڈپٹی سیکرٹری محکمہ خزانہ ڈاکٹر سلمہ
سلیمان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ، پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ
گرانٹ ان ایڈ کے تحت ٹرسٹ ہسپتالوں کو فراہم کئے جانے والے فنڈز کے درست
اور شفاف استعمال کے لئے ایک مستقل طریقہ کار وضع کیا جائے اور سب کیلئے
یکساں پالیسی بنائی جائے۔