کوئٹہ،دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار جاں بحق
کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی دیبہ کے قریب ایس پی قائد آباد مبارک شاہ کی گاڑی
پر دہشتگردوں کے حملے میں ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
ایس پی قائد آباد مبارک شاہ اپنی گاڑی میں معمول کی گشت پر جا رہے تھے کہ
نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے کلی دیبہ کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ
کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ ایس پی
مبارک شاہ سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،نامعلوم دہشتگرد پولیس کی
گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ
گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا،
دوران علاج زخمی ہونے والے ایس پی قائد آباد سمیت تینوں پولیس اہلکار شہید
ہوگئے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ ذوالفقار چیمہ نے بھی پولیس اہلکاروں کی
شہادتوں کی تصدیق کردی اور بتایا ہے کہ ایس پی مبارک شاہ کے علاوہ پولیس
اہلکار مدثر، محمد عرفان اور سعید شہید ہوئے ہیں۔