ترکی میں ایک سال قبل اسی دن ہونے والی فوجی بغاوت جمہوریت کے خلاف گہری سازش تھی،وزیر قانون پنجاب
صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ترکی
میں ایک سال قبل اسی دن ہونے والی فوجی بغاوت جمہوریت کے خلاف گہری سازش
تھی، جسے وہاں کی عوام نے اتحاد اور جذبہ حب الوطنی سے ناکام بنایا۔
وزیر قانون نے شاہین کمپلیکس میں ترکی میں جمہوریت کے خلاف ہونیوالی ناکام
فوجی بغاوت کے ایک سال پورا ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئیکہا کہ
ترکی میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں شر پسند عناصر نے نہتے عوام پر جس طرح
بربریت کا مظاہر ہ کیا اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، انھوں نے کہا
کہ ترک ریپبلک کی تاریخ میں یہ بد ترین ظلم تھا، یہ ترک عوام ہی تھے جو
سیاسی وابستگیوں سے قطع نظراس بغاوت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترکی کی بہادر عوام جس ملی نظم و ضبط کا مظاہر ہ
کرتے ہوئے ٹینکوں کے آگے کھڑی ہوئی ان کے اس جذبہ کو وہ قدر کی نگاہ سے
دیکھتے ہیں، وزیر قانون نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری اسکے
شہریوں کے جان و مال اور ریاست کا تحفظ ہوتا ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ ترک حکومت نے اس ذمہ داریوں کو بطریق احسن
نبھایا ہے،قبل ازیں ، ترکی کے قونصل جنرل مسٹر سردار ڈینز نے اپنے خطاب میں
کہا کہ انکی حکومت ریاست کے خلاف عناصر کی سرکوبی کے لیے سرگرم عمل ہے،
انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے دشمنوں سے قانون کی بالا دستی ، جمہوری طریقوں
اور اخلاقیات سے لڑا جا سکتا ہے۔