لاہور،احتجاج ، ہڑتالیں اور دھونس دھاندلی سے ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے،خواجہ سلمان رفیق
صوبائی وزیرا سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق
نے کہا ہے کہ معاشرے باہمی احترام ، پر استوار ہوتے ہیں جبکہ احتجاج ،
ہڑتالیں اور دھونس دھاندلی سے ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ سروسز ہسپتال میں
پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن بلا گروپ کی جانب سے درجہ چہارم کے
ملازمین کی ٹائم سکیل پروموشن اور سروس سٹرکچر ملنے پر اپنے اور سیکرٹری
سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ کے اعزاز میں دئیے گئے شاندار استقبالیہ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ شعبہ صحت سے وابستہ تمام
سٹاف کے مسائل حل کرنے، خصوصی پے پیکج اور سروس سٹرکچر دینے پر خصوصی توجہ
دی گئی ہے، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ ، نئے ہسپتالوں
کی تعمیر ، ڈاکٹرز و نرسز کو خصوصی الاؤنسز دینے کیلئے اربوں روپے فراہم
کیے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
اِس موقع پر پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر حامد محمود
بٹ ، ایم ایس ڈاکٹر امیر علی ، ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈپٹی میئر میاں طارق،
پیرامیڈیکس کے صدر یوسف بلا، ارشد بٹ، رحمت سندھو، تنویر بھٹی کے علاوہ
مختلف ہسپتالوں سے آئے ہوئے پیرامیڈیکس اورینگ داکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر
عاطف اور دیگر ینگ ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔