Jul 18, 2017 02:11 pm
views : 848
Location : Liaquatabad No 9
Karachi- 3 killed, 9 wounded as residential building collapses in Liaquatabad
کراچی، لیاقت آباد میں 3منزلہ عمارت گرگئی،3 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر9 میں 3منزلہ رہائشی عمارت گر گئی جس کے
نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔عمارت سے 9زخمیوں کونکال کر اسپتال منتقل
کر دیا گیا ہے جبکہ ملبے میں دبے متعدد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت کافی مخدوش تھی، علاقے میں غیرقانونی تعمیرات
جاری ہیں اور اس رہائشی بلڈنگ میں بھی ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا جس
کے باعث پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔
عمارت کے ملبے تلے دب کر خاتون ،بچے اور ایک مرد سمیت 3افراد جاں بحق ہوئے
ہیں جن کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو ادارے اور پولیس بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر موجود ہیں جبکہ امدادی
کام شروع کردیا گیا ہے، عمارت گرنے کی وجہ اس کے مخدوش ہونے کے ساتھ ساتھ
برسات کے موسم کو بھی قرار دیا جارہا ہے۔اس عمارت سے ملحقہ دیگر عمارات کو
بھی نقصان پہنچا ہے جن کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہےجس کے بعد متصل
عمارات کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر موجود ہیں جو امدادی کاموں میں
مصروف ہیں، تاہم عام افراد کے رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری ہو رہی
ہے۔
علاقہ مکین ہتھوڑوں کی مدد سے ملبے کے بڑے ٹکڑوں کو توڑ کر لوگوں کو نکالنے
کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تمام امدادی کارکنوں اور امدادی کاموں میں مصروف
افراد کی کوشش ہے کہ انتہائی احتیاط سے ملبے تلے سے پھنسے ہوئے افراد کو
باحفاظت نکالا جا سکے۔
واقعے کے دو گھنٹے بعد بھاری مشینری ملبہ ہٹانے کے لیے جائے حادثہ پہنچی جس
نے ملبہ ہٹانا شروع کیا جبکہ ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا بھی حادثے کی جگہ
پر موجود ہیں۔
جائے حادثہ پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن اور میئر
کراچی وسیم اختر بھی پہنچ گئے جنہوں نے امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔علاقے کی
مساجد سے اعلان کیا گیا ہے کہ غیر ضروری افراد جائے حادثہ کو خالی کر دیں۔
ملبے میں پھنسے ہوئے ایک شخص نے امدادی کارکنوں کو آواز دے کر اپنی جانب
متوجہ کیا جس کے بعد اسے باحفاظت نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، کٹرز کی مدد
سے لوہے کے سریے کاٹے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ برسات کا موسم جاری ہے اگر بارش ہو جاتی ہے تو امدادی کاموں میں شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔