لاہور،شہر کا موسم سہانا ،شہریوں کا پارکوں کا رخ
لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ، گرمی
برقرار، محکمہ موسمیات نےآئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی نوید سنادی۔
شہر میں ٹھنڈی ہواؤں نے عوام کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ہے،آسمان کوکالی
گھٹاؤں نے گھیر رکھا، تیز ہواؤں سے درخت اور پرندے چہچہا کر اپنی خوشی کا
اظہار کررہے ہیں،گزشتہ چند روز سے ہونے والی بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
ہے جبکہ شہری موسم کالطف اٹھانے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔
لاہور میں مون سون نے اپنے رنگ بکھیر دیئے، سورج اور بادلوں کے درمیان
آنکھ مچولی، کبھی سورج بادلوں کو شکست دیتا ہے تو کبھی بادل سورج کو ہرا
کر آسمان پرنظرآتے ہیں، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کے باوجود شہر میں
گرمی اور حبس برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے
زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے
وقت تیز ہوا اور مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہےجس سے گرمی کی شدت کم
ہوجائے گی ۔