اسلام آباد ، ایک بار پھر نظریہ ضرورت زندہ کر دیا گیا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ایک بار پھر نظریہ ضرورت
زندہ کر دیا گیا ہے، دکھ ہے کہ نواز شریف کی بحثیت وزیر اعظم تذلیل کی گئی،
شاید طے ہو چکا تھا کہ نواز شریف کو اتارنا ہی اتارنا ہے، دو ججز نے تو
بغیر فیئر ٹرائل کے پہلے ہی فیصلہ دے دیا تھا۔
اسلام آباد میں واقع جموں کشمیر ہاوس کے ملٹی پرپز ہال میں وزیراعلیٰ
گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم
آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے مستقبل میں کٹھ
پتلی وزیر اعظم کی راہ ہموار کر دی، یہ کونسا فیئر ٹرائل ہے کہ نواز شریف
کو اپیل کا حق بھی نہیں، اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ ججز کی فیملیز وہاں
کیا کر رہی تھیں، اب مجھے بطور کشمیری سوچنا پڑے گا کہ میں کس ملک کے ساتھ
الحاق کی بات کرتا ہوں۔
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ اس وقت نہ ملک میں کوئی حکومت اور نہ کوئی
نیشنل سیکیورٹی کا سربراہ ہے، لیگی کارکن مبارک باد کے مستحق ہیں کہ طاقت
کے باوجود حالات خراب نہیں کئے۔