اسلام آباد،پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منانے کے لئے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منانے کے لئے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔
نواز شریف کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا تھا اس سلسلے میں ہونے والےجلسے کی تمام تر تیاریاں جاری ہیں،چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین جلسے سے خطاب کریں گے جب کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے تحریک انصاف کے کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظاامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے 3 راستے بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین کے لئے الگ راستہ بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں بوتلیں اور بیگز لانیکی اجازت نہیں ہوگی اور خواتین انکلوژر پر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ اے ٹی ایس جوان تعینات کی جائیں گے، جلسہ گاہ سے 300 گز دوری پر گاڑیوں کے لیے پارکنگ بنائی گئی ہے، جلسے کے لیے آنے والی گاڑیوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور پی ٹی آئی کے رضاکار بھی اسلام آباد پولیس کے ساتھ موجود ہوں گے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق چیرمین عمران خان جلسے میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے جب کہ جلسے میں ملک بھر کے نامور گلوکاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور 30 ہزار کرسیاں لگاتے ہوئے بڑی اسکرینیں بھی لگائی جائیں گی۔