اسلام آباد، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے صورتحال بگڑرہی ہے، صدر آزاد کشمیر مسعود خان
صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف
ورزی ہو رہی ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے جب کہ
کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں برطانوی اور یورپین رکن پارلیمنٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس
میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق
خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے،
کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن جدوجہد
اور حق خودارادیت کی کوشش کو کچلنے کے لیے بھارت ہر قسم کا ہتھکنڈہ استعمال
کر رہا ہے تاہم کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے اور بھارتی افواج
بہیمانہ کوشش میں ناکام رہیں گی۔
ان کاکہنا تھا کہ ہندوستانی حکومت نے قابض افواج کو حریت رہنماؤں کی
گرفتاری کا حکم دیا، ہندوستانی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت سے
بھی کوئی رابطہ نہیں جب کہ ہندوستان نے مذاکرات کے عمل کو یکطرفہ طور پر
ختم کردیا ہے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ برطانوی لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر کے لیے بہت
فعال ہے، ہماری تجویز ہے کہ برطانیہ سے پارلیمانی وفود مقبوضہ کشمیر جائیں
اور صورتحال کا جائزہ لیں جب کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی
صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی کوشش کریں۔
صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا
بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی تھی
جب کہ راجہ فاروق حیدر منتخب وزیراعظم ہیں اور تمام سیاسی قوتوں کو ان کا
احترام کرنا چاہیے۔