کراچی، نرسنگ کے طلبا کا امتحانی نتائج کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ
نرسنگ کے طلبا نے امتحانی نتائج کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر ہم اس رزلٹ کو نامنظور
کرتے ہیں ،یہ دھاندلی ہے، کیا یہ طلبا کے ساتھ انصاف ہے،کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر زبردست
نعرے بازی بھی کی گئی ۔
طلبا کا کہنا ہے کہ 10ماہ بعد نتائج کا اجراء کیا گیا اور صرف 39فیصد طلبا
کو پاس کرکے 61فیصد کو فیل کر دیا گیا جو سراسر ناانصافی ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک طالبہ نے کہا کہ
پوزیشن ہولڈر طلبا کو فیل کیا گیا ہے جبکہ بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا
ہے۔
ایک اور طالبہ نے کہا کہ میری جماعت میں75 میں سے 9 لڑکیاں بھی بمشکل پاس
ہوئی ہیں،میں آج تک کبھی فیل نہیں ہوئی جبکہ اس بار میری دو سپلی آئی ہیں۔
ایک اور طالبہ مائرہ نے کہاکہ 54 میں سے صرف 5 کو پاس کیا گیا ہے تمام
طالبات تو نکمی نہیں ہو سکتیں،وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے مطالبہ کرتے ہیں
کہ اہل افسران کو بورڈ میں تعینات کیا جائے، ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے ۔
واضح رہے کہ بدھ کی شام نرسنگ امتحانی بورڈ نے 10ماہ کی تاخیر کے بعد طلبا
کے نتائج کا اجراء کیا تھا۔