کوئٹہ ،شہری جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف
ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی اگست کا مہینہ شروع ہوتے ہی جشن آزادی کی
تیاریاں عروج پر پہنچ جاتی ہیں اور سبز ہلالی لہراتے پرچموں کی بہار ہر سو
پھیل جاتی ہے، ان پرچموں کی تیاری کا سلسلہ کئی ماہ پہلے سے شروع ہوجاتا
ہے، سبز ہلالی پرچم ہمارا فخر، بانیان پاکستان کے خوابوں کی معتبر تعبیر
ہے۔
جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے وطن کی امانت اس پرچم کی رنگائی،
چھپائی، سلائی سمیت کئی مراحل سے گزرنے کے بعد یہ پرچم فضا میں لہراتا ہے
تو ہر پاکستانی کا سر بھی فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔
جشن آزادی کے حوالے سے رنگ برنگی جھنڈیاں، بیج،چوڑیاں، کیپ،اور قومی پرچم
میں رنگی شرٹ بھی ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے
گزشتہ سال کی نسبت اس سال خریداروں کا رش زیادہ ہے۔
سترویں یوم آزادی کی سالگرہ کے جشن کی تیاری ملک کے طول عرض میں شروع ہو چکی
ہے ، شہری بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن منانے کی تیاریوں میں
مصروف ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی دن قبل ہی 14 اگست کی خریداری کر کے
گھروں کو سجانا ہے تاکہ یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا جائے،14 اگست کے
قریب آتے ہی گلی محلے بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے ،کسی کو رنگ برنگی
جھنڈیاں خریدنی ہیں تو کسی کو قومی پرچم میں رنگی شرٹس،شہر کے تمام
بازاروں،مارکیٹوں اور شاہراہوں پر اسٹالز سجائے گئے عارضی سٹالوں پر سبز
ہلالی پرچموں،جھنڈیوں مختلف اقسام کے بیجز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا
ہے۔