کوئٹہ،آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا رنگارنگ تقریب سے آغاز
کوئٹہ میں آ زادی سپورٹس فیسٹیول کا آغاز رنگارنگ تقریب سے ہو گیا ہے،
نامور گلوکاروں کے ملی نغموں اور کھیلوں کے مقابلوں نے شرکاء کے جوش کو
گرما دیا کوئٹہ میں حکومت بلوچستان اور پاک فوج کے تعاون سے ایواب اسٹیڈیم
میں آزادی سپورٹس فیسٹیول 2017 کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل
وثقافت میر مجیب الرحمان محمد حسنی ، جنر ل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ندیم زکی
منج ، صوبائی وزیر سردار رضا محمد بڑیچ، سول و فوجی افسران سمیت کھلاڑیوں
اور عوام کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ ملک کے نامور گلوکاروں نے خون گرما
دینے والے ملی نغمے پیش کئے اس موقع پر میرتھن ریس اور فٹبال میچ کا بھی
انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے میر مجیب الرحمان محمد حسنی نے کہا ہے کہ70 سال
بعد بھی جس طرح ملک بھر میں آزادی کا جشن منایا جا تا ہے وہ اس بات کی عکاس
ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ایک زندہ قوم کے لئے
پاکستان بنایا ہے جو ملک کے قدر جاتنے ہیں اور اس سے محبت اپنا ایمان تصور
کر تے ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل و ثقافت نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی
کمی نہیں ہے تاہم ماضی میں کھیل جیسے اہم شعبے کو نظرانداز کیا گیا تھا
موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور انتہائی قابل
ستائش عمل ہے کہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ میں پاک فوج کا تعاون روز
روشن کی طرح عیاں ہے یہی وجہ ہے کہ آ ج صوبے بھر میں بلوچستان کے نوجوان
کھیلوں کے میدان آباد کر رہے ہیں صوبے کی سیاسی عسکری قیادت کا تعاون
بلوچستان کی ترقی کی ضمانت ہے انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت ، تعلیم
اور کھیل کے شعبوں میں خصوصی توجہ مرکوز کئے ہیں اور ہم اپنے نوجوانوں کو
تمام تر مواقع فراہم کرینگے کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ کی واضح مثال
باکسر محمد وسیم ہے جس نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہمیں امید
ہے کہ بلوچستان کے نوجوان اسی طرح بلوچستان بھر میں سبز ہلالی پرچم سر بلند
کرتے رہیں گے ۔
اس موقع پر افغان فٹبال کلب چمن اور بلوچ فٹبال کلب نو شکی کے درمیان فٹبال
میچ کھیلا گیا جس میں افغان فٹبال کلب نے بلوچ فٹبال کلب ایک صفر سے شکست
دیدی جبکہ میرتھن ریس میں ظہیر خرم نے پہلی جبکہ عدیل بھٹی نے دوسری پوزیشن
حاصل کی فٹبال میچ کی فاتح اوررنر اپ ٹیم میں ایک ایک لاکھ جبکہ میرتھن
ریس میں پہلے نمبرپر آنیوالے کھلاڑی کو ڈھائی لاکھ جبکہ دوسری نمبر پر
آنیوالے کھلاڑی کو دولاکھ روپے انعام دیا گیا جبکہ میرتھن ریس میں حصہ لینے
والے دیگر کھلاڑیوں میں بھی نقد انعامات اور اسناد تقسیم کی گئی ا سپورٹس
فیسٹیول 10 اگست تک جاری رہے گا جس میں میراتھن سائیکلنگ،کرکٹ،فٹبال، ہاکی،
بیڈمنٹن، والی بال، تھرو بال، اتھلیٹس،باکسنگ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے
ہونگے جس میں مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔