راولپنڈ ی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ آئین کی بالادستی برقرار رکھنے اور قانون کی حکمرانی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل
قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی
اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا جب کہ علاقائی
سلامتی خصوصاً افغانستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال
کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ اس دوران آپریشن ردالفساد کی اب تک کی پیشرفت
پر اظہار اطمینان اور علاقائی امن و سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن خیبر فور میں حاصل کامیابیوں کو سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ
ملکی دفاع وسلامتی کے لیے پاک فوج کا عزم بے مثال ہے اور آپریشن ردالفساد
کے دوررس اثرات ہوں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ آئین کی بالادستی برقرار رکھنے اور قانون کی حکمرانی
کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے
لیے تمام قومی قوتیں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے
کے لیے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رہے گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزیدکہنا تھا کہ ہم افغانستان کے ساتھ پراعتماد باہمی تعاون کے خواہاں ہیں۔