راولپنڈی،سابق وزیر اعظم کا قافلہ روالپنڈی سے لاہور کے لئے روانہ
سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں پڑاؤ کے بعد
لاہور کی جانب روانہ ہوگیاجبکہ ان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی
بڑی تعداد موجود ہے،روانگی سے قبل ن لیگ کے کارکنوں نے نوازشریف کا والہانہ
استقبال کیا،لیگ کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے،نواز شریف
نے گاڑی سے ہاتھ ہلاکر نعروں کا جواب دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے قافلے کا آج دوسرادن ہے،گزشتہ روز قافلے نے پنڈی میں پڑاؤ کیا،متوالوں کا جوش کل کی طرح آج پھر تازہ ہے۔
کسی نے گاڑیوں پر جھنڈے لگائے تو کسی نے شیر کے ماڈل سجائے توکوئی متوالا
پارٹی نغموں کی دھن پر بھنگڑے ڈالتا رہا،قافلہ جی ٹی روڈ کے ذریعے مختلف
شہروں میں قیام کرے گا،لاہور پہنچنے کا وقت شیڈول میں جمعہ طے کیا گیا
ہے،گاڑیاں زیادہ، لوگ پیدل بھی شریک ، قافلے کی سست روی بتارہی ہے کہ منزل
ابھی دور ہے۔
گزشتہ روز اہلیان راولپنڈی نے ریلی کا بھرپوراستقبال کیا تھا جبکہ سابق
وزیراعظم نوا زشریف نے گزشتہ روز اپنے خطاب سے کارکنوں کا خون گرمایا اور
مخالفین پر تابڑ توڑ حملے بھی کئے، آج بھی وہ کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
نواز شریف کا قافلہ کچہری سے ہوتا ہوا روات کی جانب بڑھے گا اور اپنا قافلہ لاہور کا سفر جاری رکھے گا۔