مریدکے،چند لوگ ملک کے مالک نہیں ہوسکتے پاکستان کے اصلی مالک 20 کروڑ عوام ہیں ،نوازشریف
سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہناہے کہ چند لوگ ملک کے مالک نہیں ہوسکتے پاکستان کے اصلی مالک 20 کروڑ عوام ہیں۔
مریدکے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2013
میں نہ تو چولہا جلتا تھا اور نا ہی کوئی کارخانہ چلتا تھا لیکن میں نے
اقتدار سنبھالتے ہی دن رات عوام کی خدمت پر لگا دیئے سڑکیں بن رہی تھیں
موٹروے بنائے جارہے تھے، روشنیاں دوبارہ لوٹ رہی تھیں بجلی بلاتسلسل اور
سستی فراہم کی جارہی تھی اگر ترقی کی یہی رفتار رہتی تو اگلے دو تین سالوں
میں بیروزگاری کا خاتمہ ہوجاتا میں نے کوئی کرپشن اور ہیراپھیری نہیں کی،
کہتے ہیں ہم نے نوازشریف کو نااہل اس لئے کیا کہ وہ اپنے بیٹے سے تنخواہ
نہیں لیتا تھا اگر بیٹے سے تنخواہ لی بھی تو کیا ہوا، لیکن عوام کے منتخب
وزیر کو رسوا اور ذلیل کرکے نکال دیا گیا کیا عوام اس فیصلے کو منظور کرے
گی۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ آپ نے مجھے وزیراعظم بنا کر اسلام آباد بھیجا تھا
لیکن اسلام آباد والوں نے مجھے واپس بھیج دیا کیا یہ ووٹ کی توہین نہیں،
چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہوسکتے یہ وہی لوگ ہیں جو ووٹ کی پرچی بھاڑ
دیتے ہیں اس ملک کے اصلی مالک 20 کروڑ عوام ہیں، پاکستانی عوام کو اس سلسلے
کو روکنا ہوگا یہ گھناؤنا کھیل صرف پاکستان میں کھیلا جارہا ہے پاکستان کے
علاوہ کوئی اور ملک اور خطہ نہیں جہاں یہ تماشا ہو پاکستان کی دنیا میں
توقیراورعزت پر آنچ آرہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج مریدکے میں عوام کا جذبہ دیکھ کر دل باغ باغ
ہوگیا اگر یہ جذبہ سلامت رہے تو خیر ہی خیر ہے اس جلسے کو دیکھ کر لگتا ہے
کہ یہ انقلاب کا پیش خیمہ ہے اب ایک انقلاب ہونا چاہئے پھر آپ کے ووٹ کا
احترام اس ملک میں ہوگا میں بھی آپ کے ساتھ ہوں نوازشریف کبھی آپکو دھوکا
نہیں دے گااور کبھی بے وفائی نہیں کرے گا۔