Aug 18, 2017 07:26 pm
views : 710
Location : Naval Headquarter
Islamabad- Command & Staff Conference of Pakistan Navy
اسلام آباد ،پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد
پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں
اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد
ذکاء اللہ نے کی۔
کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سیکیوٹی صورت حال سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں
اور پاک چین اقتصادی راہداری کے میری ٹائم پہلوکے حوالے سے گوادر بندر گاہ
کی آپریشنل سرگرمیوں اورسکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔
سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے
موجودہ میری ٹائم چیلنجز کے تناظر میں پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر
اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت اورمیری ٹائم
انفراسٹرکچر کے دفاع کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے صمیم عزم کا اظہار کرتے
ہوئے نیول چیف نے پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے
لئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اورپختہ عہد کو دہرایا ۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ چیلنجز سے بھر پور ، پیچیدہ اور بدلتے ہوئے موجودہ
سکیورٹی صورت حال میں پاکستان نیوی بحرِ ہند میں امن و استحکام کے قیام
میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے فیلڈ کمانڈرز پر زور دیا کہ
وہ تیاریوں کے اعلیٰ معیار اور اپنے ایریاز آف ریسپنسیبلٹی میں مستقل
مستعدی کو برقرار رکھیں۔
نیول چیف نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت
کے حصول کے لئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور اداروں کے ساتھ مل کر
باقاعدگی کے ساتھ ساحلی سکیورٹی کی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا ۔
نیول چیف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان
نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک بحریہ کے ٹروپس
کے بلند جذبے اور لگن کو سراہا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس
کی حیثیت حاصل ہے جس میں تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک
بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔