لاہور ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جواد ساجد خان کی ملاقات
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جواد ساجد خان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صحت عامہ کیلئے جاری منصوبوں اور ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر انسداد ڈینگی، پولیو اور کانگو کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی ۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہسپتالوں میں صحت عامہ کی بروقت اور جدید سہولتوں کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے۔ نگران حکومت نے ہیلتھ کیئر کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔ نگران حکومت نے مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجہ کیلئے 15 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے۔مریضوں کے مفت علاج کے لئے فنڈزکسی پر احسان نہیں بلکہ ہر حکومت کا فرض ہے۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا دکھی انسانیت کے خدمت عبادت ہے،مستحق مریضوں کے مفت علاج معالجے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیئے۔ڈینگی ، پولیو اور کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے بھرپور توجہ دی جائے۔ڈینگی کو روکنے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا مشن ہے۔انسدادپولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے۔انسداد پولیو مہم کی کامیابی بچوں کے صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔