پشاور ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نیب خیبرپختونخوا کے دفتر میں پیش ہوگئے
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نیب خیبرپختونخوا کے دفتر میں پیش ہوگئے، نیب خیبر پختونخوا نے ہیلی کاپٹر کیس میں عمران خان کو آج طلب کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق سوالنامہ تیار کیا ہے جو عمران خان کو دیا جائے گا، سوالنامہ میں 15 سوالات ہیں جس کا جواب انہیں 15 روز میں دینا لازمی ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کیس میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی پیش ہو چکے ،پانچ انتظامی سیکرٹریز بھی کیس میں پیش ہو چکے ہیں،نیب حکام ہیلی کاپٹر سے متعلق ریکارڈ کی چھان بین کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا نوٹس لیا تھا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم ا?ئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان اگر پرائیوٹ کمپنیوں سے ہیلی کاپٹرز حاصل کرتے تو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جب کہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔