کراچی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کا مقصد تاجر برادری کو پاکستان میں بلیو اکانومی کے حوالے سے موجود امکانات سے آگہی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ آئندہ برسوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا جب کہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔
کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ بحریہ میں نئی ترقی لانی ہے تو ہم سب کو مل کر آگے آنا ہوگا، الیکشن کا مرحلہ مکمل ہوا اور 2008 سے تیسرا اقتدار منتقل ہوا، آج پاکستان بہت زیادہ بہتر ہے اور آئندہ برسوں میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا جب کہ نئی حکومت کے ساتھ مل کر مزید بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ماحول میں تبدیلی آئی ہے، ہم ملک کے دفاع اور اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کا بیرونی دفاع مضبوط ہے اندرونی خطرات پر بھی قابو ہے۔