لاہور ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید کی ملاقات
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقا ت کے دوران صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کے سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔نگران وزیراعلیٰ نے یوم آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا یوم آزادی کی تقریبات کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔پولیس حکام سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں خود فیلڈ میں موجود رہیں۔مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی پلان مرتب کیا جائے۔
نگران صوبائی وزیر داخلہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور یوم آزادی پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔