اسلام آباد ، ، پی ٹی آئی کے نظریات اور عمران خان کے ساتھ ہوں، محمود خان
خیبر پختوانخوا کے نامزد وزیراعلیٰ محمود خان نے دعویٰ کیا ہے کہ کے پی کے میں ہمیشہ ہماری ہی حکومت رہے گی۔
بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھا کہ کسی کا نہیں عمران خان کا پلانٹڈ بندہ ہوں، پی ٹی آئی کے نظریات اور عمران خان کے ساتھ ہوں۔
نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختوانخوا کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت رہی ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پچھلی حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔
محمود خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہیومن ڈویلپمنٹ ہو گی، جس طرح لوگوں نے دوبارہ منتخب کرایا، حکومت ختم ہونے کے بعد ساری عمر خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہو گی۔ اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ دیا ہے، مالاکنڈ ٹیکس فری زون ہے جہاں ہماری 87 کینال کمرشل زمین ہے جو میں نے خریدی نہیں بلکہ خاندانی جائیداد ہے۔
نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختوانخوا نے کہا کہ عمران خان نے آگے چلنے کی اجازت دے دی ہے اور پارٹی چیئرمین سے مشاورت کے ساتھ خیبرپختون خوا کی کابینہ تشکیل دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے پی کے سوات 9 سے تحریک انصاف کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا امیدوار نامزد کیا تھا۔