کراچی ، کراچی پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لئے مہم کا آغاز
پولیس چیف امیر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مہم شروع کررہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر معاملات کو دیکھا جائے گا۔
کراچی میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرمنلز نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور ڈاکو عام شہریوں کو لوٹ کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں، تاہم اب اسٹریٹ کرمنلز سے نمٹنے کے لئے کراچی پولیس نے نئی حکمتِ عملی کے تحت میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ شہر میں روزانہ 40 سے 50 افراد کے لٹنے کی رپورٹ درج ہوتی ہے اور روزانہ ہی ڈیڑھ سو افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے لیکن ہم ملزمان کو عدالت سے سزا دلانے میں ناکام ہوجاتے ہیں اوروہ 3 دن میں باہر آجاتے ہیں، ملزمان کے بچ جانے کی اہم وجہ ہماری ناقص تفتیش اورثبوت کا نظام اچھا نہ ہونا ہے۔