اسلام آباد،پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کرائیں گے،خورشید شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم پارلیمنٹ جائیں گے اور پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کرائیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیر صدارت ہوا جس میں 13 اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں پہلی بار شرکت ہوگی اور بھٹو خاندان کی تیسری نسل کا پارلیمنٹ میں آنا تاریخی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں ہم بھرپور کردار ادا کریں گے، پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے اندر مسائل کے حل پر سیاست کرے گی اور انتخابات پر تحفظات کے باوجود پارلیمنٹ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دیگر اپوزیشن کی پارٹیوں کوپارلیمنٹ لے کر جا رہے ہیں اور تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ، بہت سی نئی چیزیں ابھی بھی سامنے آرہی ہیں، پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کرائیں گے۔
پی پی رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مثبت سیاست کی بات کی گئی، پاکستان کی نوجوان قیادت حلف اٹھائے گی اور پارٹی کی قیادت کرے گی۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نئے جذبے کیساتھ پارلیمنٹ میں جائیں گے، اجلاس میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے نو منتخب اراکین کو ہدایات جاری کیں ہیں،منشورکے مطابق وعدوں کومکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔