لاہور ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں یوم آزادی جو ش و خروش سے منانے کیلئے تقریبات کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔14 اگست کی تقریبات اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا تحریک پاکستان کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ پاکستانی قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کا احسان ہم تاقیامت نہیں اتار سکتے۔یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا یوم آزادی کی تقریبات کے ساتھ عمارتوں کو منفرد انداز سے روشن کیا جائے گا۔ تقریبات کا محور شہری ہیں، لہٰذا ان کیلئے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انتظامیہ اور متعلقہ ادارے یوم آزادی کی تقریبات کے بہترین انتظامات کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔آزادی کے نام پر ہلڑبازی یا بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔موجودہ حالات میں تقریبات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ کو پاکستان کے 71ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے تقریبات اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں لارڈ میئر لاہور، کمشنر لاہور ڈویڑن، سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈی جی ایل ڈی اے، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی سی لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔