لاہور:عمران خان نے سردارعثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کا اعلان کردیا
ملک کے نئے وزیر اعظم عمران خان نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب
نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس بات کا اعلان انہوں نے اپنی ایک ویڈیو
بیان میں کیا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سردارعثمان بزدار کا تعلق پنجاب
کے اس علاقے سے جو سب سے پسماندہ ہے، وہاں کے عوام کو بنیادی وسائل بھی
میسر نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سردارعثمان بزدار کا تعلق تونسہ کے اس علاقے سے ہے جو سب
سے پسماندہ ہے، سردارعثمان بزار جس علاقے سےتعلق رکھتے ہیں وہاں وسائل
نہیں، یہ واحد ایم پی اے ہیں جس کے گھر میں بجلی تک نہیں، وہاں کے لوگ ایسے
ہیں جیسے پرانے زمانے میں رہ رہے ہوں۔عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار
جانتا ہے کہ پسماندہ علاقے کے لوگ کیسے زندگی گزارتے ہیں؟ امید ہے وہ
زبردست کام کریں گے اور تحریک انصاف کے وژن پر پورا اتریں گے۔
انتخابات 2018 میں سردارعثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 286 سے
پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور چھبیس ہزار پانچ سو ستاسی ووٹ لے کر
کامیاب ہوئے۔سردارعثمان خان بزدار اپنے قبیلے کے سردار ہیں اور ڈی جی خان
ٹرائبل ایریا کے سابق تحصیل ناظم رہ چکے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب محاذ کا حصہ
بھی رہے۔سردار عثمان نے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے، ان
کے والد فتح محمد بزدار تین مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔