اسلام آباد، جتنی محبت لایا تھا اس سے سو گناہ زیادہ لے کر جارہا ہوں، نوجوت سنگھ سدھو
سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہےکہ جتنی محبت لایا تھا اس سے
سو گناہ زیادہ لے کر جارہا ہوں اور جو واپس آیا وہ سود سمیت آیاہے۔
اسلام آباد میں وکرم مہتا، رمیز راجہ اور پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کے
ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ محبت کا پیغام
لایا ہوں، محسوس ہورہا ہے جتنی محبت لایا تھا اس سے سو گناہ زیادہ لے کر
جارہا ہوں اور جو واپس آیا وہ سود سمیت آیاہے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ تم ایک قدم چلو ہم دو قدم
چلیں گے، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں، اس بیان کو اگر دیکھیں تو بہت کچھ ہے،
واپس جاکر حکومت سے کہیں گے کہ ایک قدم چلیں، یقین ہے ہم ایک قدم چلیں گے
تو آپ دو قدم چلیں گے، یہ بہت بڑی امید ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلنے کی طاقت
رکھتا ہے، اگر دونوں پنجاب کے بارڈر کھول دیں تو 6 مہینے میں 7 سال کی ترقی
کے امکان ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ جنرل
باجوہ نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، جنرل باجوہ نے بابا گرونانک کے 550 جنم
دن پر راستے کھولنے کا کہا ہے، انہوں نے کہا کہ جنم دن پر کرتار پورہ کا
راستہ کھول دیں گے۔