اسلام آ باد ، سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے،فواد چوہدری
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے جب کہ حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار قومی مجرم ہیں، ان کو بھی واپس پاکستان لایا جائے گا۔ اس حوالے سے ریڈ وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں جب کہ وزارت قانون اور داخلہ کو ریڈ وارنٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایت کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تمام کابینہ اراکین سے بیرون ملک علاج کی خدمات واپس لے لی ہیں جس کے بعد کوئی بھی کابینہ ارکان سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج نہیں کراسکے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی منظوری دیدی گئی ہے اور اس سلسلے میں جلد اعلان کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیڈ پراپرٹیز کوعوام کے استعمال میں لایا جائے گا، حکومتی ملکیت میں 2 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو اس حوالے سے سرکاری عمارتوں کا جائزہ لے گی کہ ان عمارتوں کو کس طرح سے عوام کی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ ان عمارتوں میں رہنے والے نچلے درجے کے ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالا جائے گا۔
وزیراعظم اور وزرا کے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرا اور بیوروکریٹس کے بیرون ملک دوروں کو محدود کرنے کا حکم دیا ہے اور خود وزیراعظم اگلے 3 مہینے تک کوئی دورہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستان کے عوام کی ملکیت ہے، وزارت قانون کو ہدایت دی ہے کہ ان جائیدادوں کے حوالے سے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا جائے اور یہ پیسہ پاکستان لایا جائے۔