اسلام آباد،وزیر اعظم عمران خان نےاحسان مانی کو نیا چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نامزد کردیا
وزیر اعظم عمران خان نے نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی کو نیا چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نامزد کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی کے طور پر نامزد کردیا ہے، وہ اس عہدے کے لیے وسیع اور قابل قدر تجربہ رکھتے ہیں۔
پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین کا عہدہ خالی ہونے پر 4 ہفتوں میں پُر کیا جاتا ہے۔دریں اثنا پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن اعجاز عارف نے استعفیٰ دے دیا۔ اعجاز عارف کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مقرر کیا تھا۔
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کی جانب سے ٹوئٹر پر اپنے استعفیٰ کا اعلان کرنے کے کچھ دیر بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی نامزد کیا ہے۔