عمران خان نے پنجاب کابینہ کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کرلئے
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے جب کہ ڈاکٹریاسمین راشد کووزارت ِ صحت اور علیم خان کو بلدیات کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے انتخاب کو حتمی شکل دینے کے لیے امیدواوں کے انٹرویوز کیے، انٹرویوز وزیراعظم کی ذاتی رہائش گاہ بنی گالا میں ہوئے جب کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
پہلے مرحلے کے لیے پنجاب کی 15 رکنی کابینہ کی منظوری عمران خان پہلے ہی دے چکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد کو وزارت صحت،علیم خان کو بلدیات ،ہاؤسنگ اینڈاربن ڈویلپمنٹ کاقلمدان سونپے جانے کاامکان ہے ۔
پنجاب میں اطلاعات ونشریات کاقلمدان فیاض الحسن چوہان، سبطین خان کو وزیر زراعت، راجا یاسر کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کہ ناصر درانی اور عون چوہدری کو مشیر برائے داخلہ لگایا جاسکتا ہے۔