اسلام آبادجعلی اکاؤنٹس کیس،آصف زرداری اور فریال تالپور کا ایف آئی اے میں بیان قلمبند
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سامنے پیش ہو کر بیان قلمبند کرا دیا۔
ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سے 35 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے تاہم آج دونوں ملزمان ایف آئی اے کی جانب سے چوتھی بار طلب کیے جانے پر پیش ہوئے۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے کیس میں منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے، ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں منگل کو سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانی ہے۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ مجھ پر مقدمے نواز شریف کے دور میں بنائے گئے۔